لاہور( نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں روڈز بحالی پروگرام کی471 سڑکوں کے پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے روڈز کے تمام پراجیکٹس کو 15 ستمبر تک تعمیراتی کام شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ اجلاس میں روڈز بحالی پروگرام 30 جون تک مکمل کرنے پربھی اتفاق کیا گیا۔ (رورل روڈز ریہبلی ٹیشن)دیہات میں سڑکوں کی بحالی کے 75 پراجیکٹس کا جائزہ لیاگیااور 192 ارب کی لاگت سے دیہی روڈز پر 15ستمبر تک کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں کرتار پور کوریڈور کی تعمیر و بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔ جی ٹی روڈ تا قائد اعظم انٹر چینج رنگ روڈ کی تعمیر و توسیع ہوگی۔ ملتان تا وہاڑی93 کلومیٹر روڈ کی تعمیر ومرمت کی جائے گی۔ فیصل آباد چنیوٹ سرگودھا روڈ کماہاں انٹر چینج 24 کلومیٹر روڈ کی تعمیر و مرمت بھی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ 5سال کا کام ایک ہی سال میں کرکے لیڈ لیں گے۔ عوام کی سہولت کے لئے روڈز پروگرام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا۔ سینیٹر پرویز رشید،سینئر منسٹر مریم اوررنگ زیب،صوبائی وزیر مواصلات صہیب احمد ملک، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال اور دیگر حکام موجود تھے۔