اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):صدرمملکت آصف علی زرداری نے دولت مشترکہ کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دولت مشترکہ کا بانی رکن ہونے کے ناطے تنظیم کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ سے گفتگو کررہے تھے جن کی قیادت میں وفد نے منگل کو ملاقات تھی۔صدر مملکت نےموسمیاتی تبدیلی، تعلیم، پارلیمانی تبادلوں ، قدرتی آفات کے شعبوں میں مضبوط تعاون کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی اداروں خاص طور پر نوجوان پارلیمنٹرینز اور طلبہ کے مابین روابط بڑھانا ہوں گے ۔ ملاقات میں پاکستان پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے بہت نقصان اٹھانا پڑا ،موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لیے سندھ میں 20 لاکھ سے زائد مینگرووز لگائے گئے ، بین الاقوامی مارکیٹ میں کاربن کریڈٹ کی تجارت سے 27 ملین ڈالر کمائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے 2022 کے سیلاب کے پیش نظر 20 لاکھ پائیدار مکانات کی تعمیر شروع کر دی۔ سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سے منسلک بڑے چیلنجز کا سامنا ہے ۔سیکرٹری جنرل نے تنظیم کے پاکستان کے ساتھ متحرک تعاون پر روشنی ڈالی۔صدر مملکت نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں پاکستان کے لیے پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کی خدمات کو سراہا۔