کراچی (نمائندہ خصوصی ): چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے کراچی میں کمشنر کراچی مون سون ٹری پلانٹیشن مہم کا آغاز پودا لگا کر کیا۔ یہ مہم 30 جولائی سے 31 اگست تک جاری رہے گی، جس کے دوران کراچی میں دو لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے کہا کہ اس مہم کا بنیادی مقصد لوگوں کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ترغیب دینا ہے۔ انہونے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی اس صدی کا سب سے بڑا چیلینج بن چکا ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، اور درخت لگانے سے اس کے منفی اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی، انہونے مزید کہا کہ مہم کا مقصد پودا لگانا ہی نہیں بلکہ اس کی دیکھ بال کرکے پیڑ بنانا بھی ہے۔چیف سیکریٹری سندھ نے سرکاری محکموں اور سول سوسائٹی کو شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے شجرکاری کے ماحولیاتی اور معاشی فوائد کے بارے میں آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ جنگلات کے تحفظ اور فروغ کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو مربوط کردار ادا کرنا ہوگا۔کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے چیف سیکریٹری سندھ کو آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ مہم میں شہر کے مختلف علاقو ں میں2 لاکھ پودے لگائے جائیں گے اور لگائے جانے والے پودوں کی دیکھ بال کی بھی متعلقہ محکموں کو زمے داری دی گئی ہے تا کہ لگائے گئے پودے پیڑ بن جائیں ، اس مہم کے دوران کمشنر کراچی، سیکریٹری فاریسٹ، سیکریٹری انوائرمنٹ، ڈپٹی کمشنر سائوتھ اور دیگر افسران نے بھی پودے لگائے جو سرکاری سطح پر اس مہم کی حمایت کی عکاسی کرتا ہے۔