اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے پیر کو نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) ہیڈکوارٹرز میں نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ کیا۔اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے معزز مہمان کو نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی استعداد کار کے بارے میں جامع بریفنگ دی۔ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ٹیم نے این ڈی ایم اے کے آپریشنل طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کس طرح نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر ہنگامی ردعمل اور رابطہ کاری کے لیے مرکزی مرکز کے طور پر کام کرتا ہے۔ یہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز ، ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز ، متعلقہ وزارتوں، محکموں اور دیگر سٹیک ہولڈرز بشمول ملکی اور بین الاقوامی انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کے درمیان تعاون کی سہولت فراہم کرتا ہے۔نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر ہموار رابطہ آفات کے تمام مراحل کے دوران خاص طور پر آفات سے پہلے کے مرحلے میں تیز اور موثر ردعمل کو یقینی بناتا ہے۔ چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے آنے والے کاپ 29 ایونٹ کی تیاریوں کے بارے میں بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔ دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے قیام کے لیے پاکستان کے فعال انداز کو سراہا۔انہوں نے انہیں عالمی ضروریات کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے کلائمیٹ ریزیلینس اور موافقت میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کی امید ظاہر کی۔