اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس عالمی سطح پر ایک بہت بڑا چیلنج ہے،ہیپاٹائٹس سے ہمارے ملک میں صحت عامہ کو شدید خطرات لاحق ہیں،ہیپاٹائٹس سے بچاؤ، سکریننگ اور علاج کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہوگی،ہیپاٹائٹس سے بچاؤ اور اس کے خاتمے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔اتوار کو ایوان صدر پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہیپاٹائٹس کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ ہیپاٹائٹس عالمی سطح پر ایک بہت بڑا چیلنج ہے،ہیپاٹائٹس ایک خاموش قاتل ہے کیونکہ اس کی علامات ظاہر نہ ہونے سے اس کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے،ہیپاٹائٹس سے عالمی سطح پر ہر سال بڑی تعداد میں اموات واقع ہوتی ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سے ہمارے ملک میں صحت عامہ کو شدید خطرات لاحق ہیں،پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے ہمارے صحت کے نظام پر بوجھ پڑتا ہے،صحت عامہ کے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے وسیع پیمانے پر سکریننگ اور بروقت تشخیص کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ سکریننگ اور بروقت تشخیص سے پاکستان کے صحت عامہ کے نظام پر بوجھ کم ہوگا،بروقت اقدامات نہ اٹھانے سے پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے،ہمیں عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ ملک بھر میں احتیاطی تدابیر کو فروغ دینے، سکریننگ، ٹیسٹنگ اور علاج کی سہولیات بڑھانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے،ہیپاٹائٹس سے بچاؤ، سکریننگ اور علاج کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہوگی،ہیپاٹائٹس سے بچاؤ اور اس کے خاتمے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ میڈیا ، تعلیمی ادارے ، اساتذہ اور سول سوسائٹی کو ہیپاٹائٹس کے بارے میں لوگوں کواگاہی دینا ہوگی،آئیے مل کر ہیپاٹائٹس سے پاک پاکستان بنانے کیلئے کام کریں۔