راولپنڈی(نمائندہ خصوصی ):سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر ضلع ٹانک میں مشترکہ آپریشن کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔مارے گئے خارجی دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی خارجی دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے ، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔