پاسپورٹ کی درجہ بندی سے متعلق اعداد و شمار جاری کرنے والے عالمی ادارے نے سال 2022 کے طاقتورپاسپورٹوں کی فہرست جاری کردی ہے۔ اس فہرست کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ مزید ایک درجے تنزلی کے ساتھ دنیا کا چوتھا بدترین پاسپورٹ بن گیا ہے۔تین ماہ پہلے کی رینکنگ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ فہرست میں 108ویں نمبر پر تھا جبکہ اب اس کا نمبر 109 واں ہے۔عالمی ادارے ہینلے کی جانب سے جاری کی گئی اس فہرست میں یمن ، صومالیہ ، فلسطین ، نیپال، شمالی کوریا اور لیبیا وغیرہ کے پاسپورٹ پاکستان سے بہتر جبکہ صرف جنگ زدہ ممالک شام، عراق اور افغانستان ہی پاکستان سے نیچے ہیں۔
عالمی ادارے ہینلے کی جانب سے113 ممالک کے پاسپورٹ کی رینکنگ جاری کی گئی، جس میں جاپان اور سنگا پورنے مشترکہ طور پر دنیا کا طاقتور ور ترین پاسپورٹ ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ واضح رہے کہ ہینلے کی پاسپورٹ رینکنگ اس بنیاد پر ہوتی ہے کہ کتنے ممالک میں اس پاسپورٹ پر بغیر ویزا کے انٹری کی جا سکتی ہے۔ پاکستانی پاسپورٹ پر صرف 31 ممالک جبکہ جاپان اور سنگا پور کے پاسپورٹ پر 192 ممالک میں بغیر ویزے کے ائیرپورٹ پر محض انٹری کرا کے داخل ہوا جا سکتا ہے۔