اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ نیشنل فائبرائزیشن پالیسی پر کام جاری ہے، ملک میں فائیو جی کے لئے فائبرائزیشن کا ہونا اشد ضروری ہے، پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین سٹارٹ اپس ایکسچینج پروگرام شروع کیا جا سکتا ہے۔جمعہ کو وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سے جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ سے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے
ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور، آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن، ڈیجیٹلائزیشن، فائبرائزیشن، سائبر سکیورٹی کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی توجہ ڈیجیٹلائزیشن پر مرکوز ہے، ڈیجیٹل معیشت حکومت کی پہلی ترجیح ہے، نیشنل ڈیجیٹلائزیشن پلان کے تحت گورننس اور سوسائٹی کو بھی ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں۔شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ نیشنل فائبرائزیشن پالیسی پر کام جاری ہے، ملک میں فائیو جی کے لئے فائبرائزیشن کا ہونا اشد ضروری ہے، وزارت آئی ٹی ڈیجیٹل صنفی تقسیم کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے۔وزیر مملکت شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین سٹارٹ اپس ایکسچینج پروگرام شروع کیا جا سکتا ہے۔ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل کوآرڈینیشن سید جواد علی شیرازی بھی موجود تھے۔