نئی دلی(مانیٹرنگ ڈیسک ) :بھارت میں دلی کی ایک عدالت نے شراب پالیسی کیس میں گرفتار نئی دلی کے وزیر اعلیٰ ارویند کیجریوال کی عدالتی حراست میں 8اگست تک توسیع کر دی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ارویند کیجریوال کو نئی دلی کی تہاڑ جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے روز ایونیو کورٹ میں پیش کیاگیا۔ عدالت نے سی بی آئی کی طرف سے دائر مقدمہ میں دونوں اطراف کے دلائل سننے کے بعد اروند کیجریوال کی عدالتی حراست میں 8اگست توسیع کر دی ۔ سینئر ایڈوکیٹ ابھی شیک منو سنگھوی ارویند کیجریوال کی طرف سے عدالت میں پیش ہوئے ۔ادھر شراب پالیسی کیس میں عام آدمی پارٹی کے دیگر رہنمائوں منیش سسودیا اور کے کویتا کو بھی آج عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت نے منیش سسودیا اور کے کویتا کی عدالتی تحویل میں 31جولائی تک توسیع کر دی ہے۔یاد رہے کہ دلی ہائی کورٹ نے 17جولائی کو سی بی آئی کی طرف سے ارویند کیجریوال کی گرفتاریوں اورانکی عبوری ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔عدالت نے دہلی شراب پالیسی کیس میں اروند کیجریوال کی باقاعدہ ضمانت پر دلائل کے لیے 29جولائی کی تاریخ مقرر کی ہے۔