اسلام آباد۔(مانیٹرنگ ڈیسک ) :نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلیپو گرانڈی سے جمعرات کو ٹیلی فون پر بات چیت کی۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے پاکستان-یو این ایچ سی آر کے تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو میں فرینکفرٹ، لندن اور برسلز میں پاکستان کے سفارتی مشنوں کے خلاف (افغان باشندوں کی طرف سے) حالیہ حملے اور پرتشدد مظاہرے بھی زیر بحث آئے۔ہائی کمشنر نے افغان مہاجرین کے تئیں پاکستان کی روایتی مہمان نوازی خاص طور پر حکومت پاکستان کی طرف سے پی او آر کارڈز کی میعاد میں توسیع کے حالیہ فیصلے کو سراہا۔دونوں عہدیداروں نے ہائی کمشنر کے جولائی کے اوائل میں دورہ پاکستان کے دوران ہونے والی بات چیت اور آج کی ٹیلی فونک گفتگو میں پاکستان-یو این ایچ سی آر کے تعاون کو آگے بڑھانے اور افغان مہاجرین کے مسئلے کا دیرپا حل تلاش کرنے کے لئے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔