کراچی۔ (نمائندہ خصوصی ):سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی میں یوسف گوٹھ تا ٹاور پیپلز بس سروس کے روٹ نمبر 8کا افتتاح کر دیا ۔جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یوسف گوٹھ میں پیپلز بس سروس کے روٹ نمبر8 کی افتتاحی تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم پی اے لیاقت آسکانی، پیپلز پارٹی رہنما اور سابق ایم این اے قادر مندوخیل، حبیب جدون، فیصل جاموٹ اور دیگر نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج نہایت ہی اہم دن ہے کیونکہ آج یوسف گوٹھ تا ٹاور پیپلز بس سروس کا روٹ شروع ہونے والا ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور ، وزیر اعلی سندھ اور یہاں کے منتخب نمائندگان نے عوام سے جو وعدے کئے وہ پورے ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت شب و روز کوشاں ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے، گزشتہ چار دنوں میں نئی بسز سڑکوں پر آئی ہیں اور حکومت سندھ کی جانب سے نئے روٹس شروع کئے گئے ہیں، نئے روٹس سے لاکھوں لوگ مستفید ہونگے۔انہوں نے کہا کہ اس مہنگائی کے دور اور شدید گرمی میں حکومت سندھ عوام کو کم سے کم کرایوں میں ایئرکنڈیشند بسوں پر سفر کروا رہی ہے تاکہ لوگ آسانی سے اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکیں اور ان کو حصول روزگار اور حصول تعلیم سمیت روزمرہ کے سفر میں آسانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ جب پیٹرول مہنگا ہو ااور ہم نے بس کا کرائے میں اضافے کی بات کی تو وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ عوام پر بوجھ نہیں ڈالے گی اور عوام کو سبسڈی دی جائے گی۔ حکومت سندھ نے پاکستان میں پہلی بار خواتین کے لئے مخصوص پنک بس سروس اور ماحول دوست الیکٹرک بس متعارف کروائی۔پاکستان بھر میں سب سے بہترین ہسپتال سندھ میں ہیں۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے جب لوگ بے گھر ہوگئے تو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سب سیلاب زدگان کو گھر بنا کر دینگے ، اس وقت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات اور احکامات کی روشنی میں حکومت سندھ کی جانب سے اکیس لاکھ خاندانوں کے لئے گھر بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یہاں کے منتخب نمائندگان سے بس چلانے کا عہد کیا تھا یہاں سے بسیں چل رہی ہیں،بہت جلد پورے کراچی میں ٹرانسپورٹ کا جال بچھایا جائے گا۔