اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )۔:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے،پاکستان کی معیشت کی بحالی کیلئے کڑوے فیصلے کرنا پڑے۔ہم نے ریاست کو سیاست پر ترجیح دے کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔خیبر پختونخوا بالخصوص ضم شدہ اضلاع کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ان اضلاع میں بہتر تعلیم کی فراہمی کے لئےدانش سکولز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے خیبر پختونخوا کے قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر امورکشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور متعلقہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔ملاقات میں منتخب نمائندوں نے وزیراعظم کی قیادت
میں پاکستان کی معیشت کی بہتری پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں کے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل وکرم سے پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے،خیبر پختونخوا بالخصوص ضم شدہ اضلاع کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،تاریخ گواہ ہے کہ ضم شدہ اضلاع کی ترقی کیلئے مسلم لیگ ن نے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے۔وزیراعظم نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں صحت و تعلیم کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے،خیبر پختونخوا بالخصوص ضم شدہ اضلاع کے غریب ومتوسط طبقے کو عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی کیلئے وہاں دانش سکولز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کےشعبے کی اصلاحات سے سالانہ اربوں روپے کی بجلی چوری کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں،منتخب نمائندے بجلی کی چوری روکنے کیلئے حکومت کی معاونت کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے سے نہ صرف زرعی شعبے کی ترقی ہوگی، کسان کو کم لاگت بجلی میسر ہوگی، زیر کاشت رقبے میں اضافہ ہوگا بلکہ درآمدی ایندھن کی مد میں اربوں ڈالر کی بچت ہوگی،حال ہی میں غریب و متوسط طبقے کو بجلی کے بِلوں میں بڑا ریلیف فراہم کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی بحالی کیلئے کڑوے فیصلے کرنا پڑے،ہم نے ریاست کو سیاست پر ترجیح دے کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔وزیراعظم نے کہا کہ آپ سب اپنے حلقوں میں محنت کریں،عوام کا ریلیف آپ کی اولین ترجیح ہونا چاہئے۔وزیراعظم نے نائب وزیراعظم کی زیر صدارت ایک کمیٹی قائم کر دی جو خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں کے مسائل کا پائیدار حل تلاش کرے گی۔