راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے برازیل کی مسلح افواج کے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل آندرے لوئیز سلوا لیما ڈی سانتانا مینڈس نے ملاقات کی جس میں علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان برازیل کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔خطے میں پاکستان کے کردار اور پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر نے خطے میں امن و استحکام کے حصول کے لئے پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ دونوں رہنماؤں نے دفاعی تعاون کو بڑھانے اور متنوع بنانے پر تبادلہ خیال کیا جس کے لئے دونوں ممالک کے درمیان کافی امکانات موجود ہیں۔ دونوں فریقین نے مفاہمت کی یادداشت کے ذریعے دفاعی تعاون کو ادارہ جاتی بنانے پر بھی اتفاق کیا۔ مزید یہ کہ ایک دوسرے کے تربیتی اداروں میں ٹرینیز کے باقاعدہ تبادلے پر بھی بات ہوئی۔