اسلام آباد (نمائندگان ) وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹرمفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ تعلقات کوبہت اہمیت دیتاہے اوردونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کودورکیاجائیگا۔ وہ بدھ کویہاں پاکستان میں ایران کے سفیرسیدمحمد علی حسینی سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے وزیرخزانہ نے ایرانی سفیرکاپرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اورایران کے درمیان دیرینہ اوربرادارانہ تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک صدیوں سے مذہبی اورثقافتی رشتوں میں جڑھے ہیں۔وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان اپنے پڑوسی ملک ایران کے ساتھ تعلقات کوبہت اہمیت دیتاہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اورایران کے درمیان تجارت استعدادسے کم ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کودورکرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔