واٹر بورڈ حکام نے مکینوں کوٹینکرز مافیا کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا،شکایات کے باوجود شنوائی نہیں ہوئی،نسیم اختر
وزیربلدیات سیدناصر حسین شاہ پانی کی بحالی میں کردار ادا کریں، سابق صدر نکاٹی کی اپیل
کراچی (کامرس رپورٹر )
معروف صنعتکار، سابق صدر نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(نکاٹی) نسیم اختر نے وزیربلدیات سید ناصر حسین شاہ سے نارتھ کراچی بلاک این کے مکینوں کو پینے کے پانی کی سپلائی بحال کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ نارتھ ناظم آبادبلاک این کے مکین گزشتہ10سالوں سے پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں اور مہنگے داموں میٹھا پانی خریدنے پر مجبور ہیں لہٰذا ماہ رمضان کے تقدس کو مدنظر رکھتے ہوئے علاقہ مکینوں کو ٹینکرز مافیا سے چھٹکارہ دلایا جائے اور گھروں میں صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
نسیم اختر نے وزیربلدیات سید ناصر حسین شاہ سے اپیل میں کہا کہ سخی حسن ہائیڈرنٹ سامنے ہی واقع ہے مگر10سال کا طویل عرصہ گزر گیا نارتھ ناظم آباد بلاک این گلی نمبر8 کے گھروں میں پانی نہیں آیا۔ علاقہ مکینوں نے واٹر بورڈ کے اعلیٰ حکام سمیت ڈپٹی کمشنر وسطی کو متعدد بات شکایات ارسال کیں اور پانی کی شدید قلت کی نشاندہی کی اور لوگوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا مگر تمام تر کوششیں رائیگاں ثابت ہوئیں کیونکہ نہ واٹر بورڈ حکام نے ہماری شکایات کا نوٹس لیا اور نہ ہی ڈپٹی کمشنر وسطی نے علاقہ مکینوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنانے میں کوئی کردار ادا کیا جس کے بعد نارتھ کراچی کے مکینوں نے اپنی آخری امیدوزیربلدیات سے باندھ لی ہیں اور وہ پُرامید ہیں کہ وزیربلدیات ان کی شکایات کا ضرور ازالہ کریں گے اور واٹر بورڈ حکام کو پانی کی سپلائی بحال کرنے کی سختی سے ہدایات جاری کریں گے