لاہور۔(نمائندہ خصوصی )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا پانچواں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، کمشنرز او رسیکرٹریز کے مالیاتی اختیارات بڑھانے کی منظوری دی گئی اور ہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس ڈیلیوری یونٹ اورپنجاب بھر میں اینٹومولوجسٹ اور اسسٹنٹ اینٹومولوجسٹ کی خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی گئی۔پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی میں بھی بھرتیوں کی منظوری دی گئی اور پنجاب آرکیٹکچر ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کیلئے آرکیٹکچر الاونس کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پی پی ایس سی ملازمین کا کمیشن الائونس بڑھانے کی سفارش بھی منظور کر لی گئی۔ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق ماڈل بازار ہوم ڈیلیوری پراجیکٹ رائیڈرز کیلئے بائیکس خریداری کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ملتان اور بہاولپور کے ریجنل بلڈ سنٹرز کے آر ٹی ای ایچ ٹی کے ساتھ معاہدے کی ایک سال کیلئے توسیع کی گئی۔ ملتان انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کیلئے گرانٹ میں اضافہ کی منظوری دی گئی۔وزیراعلی نے صوبہ میں بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر قائم کرنے کاجائزہ لینے کی ہدایت کی۔ گورنمنٹ پبلک لائبریری روشن بھیلہ قصورکا نام تبدیل کرکے جاوید محمود پبلک لائبریری روشن بھیلہ قصور مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید، سینئر وزیر مریم اورنگزیب، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، چیئرمین پی اینڈ ڈی، ایس ایم بی آر، سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔