اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):پاکستان ترکمانستان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا تیسرا دور منگل کو وزارت خارجہ میں منعقد ہوا، پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے قیادت کی۔ ترکمانستان کی طرف کی وفد کی قیادت کابینہ کے نائب چیئرمین اور ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میریدوف نے کی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فریقین نے پاکستان ترکمانستان کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جن میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی تعاون، روابط اور عوام سے عوام کے روابطے شامل ہیں۔انہوں نے تعلقات کی مثبت رفتار کا ذکر کرتے ہوئے قیادت کی سطح پر اعلیٰ سطح کے مذاکرات اور تبادلوں کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے کہا کہ دو طرفہ مذاکرات کے طریقہ کار کو بھی مضبوط کریں گے۔ دونوں فریقوں نے سیاسی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں سمیت دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور بڑھانے کے لئے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، رابطوں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ترجیحی شعبوں میں قریبی اقتصادی روابط بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں فریقین نے تاپی پائپ لائن اور تاپ TAP بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے پاکستان کی حقیقی صلاحیت کے مطابق دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کو جلد حتمی شکل دینے اور کاروباری افراد کی سہولت کے لئے ویزا نظام کو آزاد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ بیان کے مطابق فریقین نے دوطرفہ پارلیمانی روابط کو فروغ دینے اور ثقافتی تبادلوں، تعلیمی وظائف بشمول سفارت کاروں کی تربیت اور عوام سے عوام کے رابطوں کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ دونوں ممالک اقوام متحدہ اور اقتصادی تعاون تنظیم سمیت کثیر الجہتی ترتیبات میں دو طرفہ تعاون اور بات چیت کو مزید مضبوط بنانے کے لئے مل کر کام کریں گے۔ افغانستان اور بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر کی صورتحال سمیت باہمی تشویش کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔