اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے برطانیہ کے نو منتخب وزیر برائے خارجہ امور، دولت مشترکہ اور ترقیاتی امور ڈیوڈ لیمی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ نائب وزیراعظم نے ڈیوڈ لیمی کو برطانوی وزیر خارجہ کے طور پر تقرری پر مبارکباد دی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ برطانیہ میں نئی حکومت پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات میں مثبت رفتار کو جاری رکھے گی۔ دونوں وزراء نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان خوشگوار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے برطانوی پاکستانیوں کے مثبت کردار کو سراہا۔نائب وزیراعظم نے دولت مشترکہ کے تناظر سمیت برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو پاکستان کی اہمیت پر زور دیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے، نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے اور تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے وزیر خارجہ لیمی کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔ برطانیہ کے وزیر خارجہ نے اپنی مدت کے دوران پاکستان کے لیے برطانیہ کی حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں وزراء نے دوطرفہ تعاون کو بڑھانے اور اکتوبر میں دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں مصروف رہنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا