راولپنڈی(نمائندہ خصوصی ):ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم نے کہا ہے کہ ملک کو ڈیجیٹل اور فزیکل دہشت گردی کاسامنا ہے، دہشت گردی ہمارے ملک کا بڑا مسئلہ ہے، کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)والے پاکستانی چیک پوسٹس پر حملے کر رہے ہیں۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 2024 میں ہمارے شہداء کی تعداد 575 ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی رپورٹ کے مطابق دنیا کے10 ممالک کو دہشت گردی کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد اربوں ڈالر کا اسلحہ ، ہزاروں گاڑیاں اور دیگر سازو سامان بھی وہاں چھوڑا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے لوگ اسلحہ لیکر پاکستانی چیک پوسٹس پر حملے کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے آنگن میں 40 لاکھ پناہ گزین بیٹھے ہوئے ہیں۔