اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور مصر کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات قائم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمہوریہ مصر کے قومی دن کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔ تقریب میں مصر کے قومی دن کی مناسبت سے کیک کاٹنے کا اہتمام بھی کیا گیا,تقریب میں پاکستان اور مصر کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے اسلامی جمہوریہ پاکستان اور عرب جمہوریہ مصر کے درمیان پائیدار دوستی اور تعاون کو اجاگر کیا۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی احترام اور تعاون سے شراکت داری جاری ہے، دونوں ممالک متعدد بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ایک دوسرے کی مسلسل حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں ۔