اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان زراعت کے شعبے میں چین کی کامیابی سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے ،گوادر فری زون میں بنیادی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہو ں نے چیئرمین زھانگ بن کی قیادت میں چینی کمپنی ہینگینگ ٹریڈنگ کمپنی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میرے حالیہ دورہ چین کے دوران پاکستان اور چین کی کمپنیوں کے درمیان بڑے پیمانے پر بزنس ٹو بزنس معاہدے طے پائے جو کہ انتہائی خوش آئند امر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان زراعت کے شعبے میں چین کی کامیابی سے استفادہ کرنا چاہتا ہے ۔ وزیراعظم نے گوادر پورٹ اتھارٹی کو چینی کمپنیوں کو ہر ممکن سہولیات دینے اور گوادر فری زون میں یوٹیلیٹیز کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وفد نے وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ ہینگینگ ٹریڈنگ کمپنی پاکستان میں زراعت، لائیو سٹاک، ادویات اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہے ، ہینگینگ ٹریڈنگ کمپنی 50 ملین ڈالر کی لاگت سے گوادر میں جدید سہولیات سے آراستہ ذبحہ خانہ (سلاٹر ہاؤس) تعمیر کر رہی ہے ، سلاٹر ہاؤس کی تکمیل سے پاکستان کے لائیو سٹاک کے شعبے سے چین کو 30 ملین امریکی ڈالر تک سالانہ کی برآمدات ہوں گی ، سلاٹر ہاؤس میں مقامی لوگوں کیلئے ایک ہزار کے قریب نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے ۔بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ہینگینگ ٹریڈ کمپنی فارماسیوٹیکل مصنوعات کو گوادر فری زون میں پراسیس کر کے چین کو برآمد کر رہی ہے ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین ، وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے ۔