اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):قومی کمیشن برائے وقار نسواں (این سی ایس ڈبلیو ) نے اپنے فلیگ شپ ٹریننگ پروگرام "پاتھ وے ٹو ایکویلٹی” کا آغاز کردیا جس کا مقصد پاکستان بھر میں صنفی مساوات کا قیام ، بچوں کے حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانا ہے۔افتتاحی میٹنگ میں وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کے 72 فوکل پرسنز کے ساتھ ساتھ پرنٹ، ڈیجیٹل اور الیکٹرانک میڈیا فیلوز کا پہلا اکٹھ ہوا۔ یہ اقدام وفاقی وزارت برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے اشتراک سے شروع کیا گیا۔ تربیتی پروگرام این سی ایس ڈبلیو اور یونیسف کے اشتراک سے کیا گیا۔ پروگرام کا مقصد صنفی مساوات، بچوں کے حقوق، اور خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں شعور اجاگر کرنا، اور میڈیا اور وزارتوں کے فوکل پرسنز کی صلاحیت کو مضبوط کرنا تھا۔پروگرام میں بتایا گیا کہ اگست کے آخری ہفتے سے شروع ہونے والے تربیتی سیشنز، وفاقی دارالحکومت اور پاکستان بھر میں منعقد کئے جائیں گے جن میں مستقل اثرات کو یقینی بنانے کے لئے ریفریشرز اور رپورٹنگ میکانزم مرتب کئے جائیں گے۔قومی کمیشن برائے وقار نسواں کی چیئرپرسن نیلوفر بختیار نے امید ظاہر کی کہ یہ پروگرام وفاقی اور صوبائی وزارتوں کے تمام شعبوں میں خواتین کو بااختیار بنائے گا، خواتین کی مساوات اور بااختیار بنانے کے لئے پالیسیوں اور قوانین کے نفاذ کی نگرانی کے لئے میڈیا فیلوز اہم کردار ادا کریں گے۔آفیسر انچارج نمائندہ براے یونیسف پاکستان میلیسا کورکم نے تعلیم کی اہمیت اور سب کے لئے یکساں مواقع پر زور دیتے ہوئے پاکستان میں خواتین اور بچوں کے لئے اقدامات کی حمایت کے لئے یونیسف کے عزم کا اعادہ کیا۔”مساوات کا راستہ” پروگرام پاکستان میں ایک زیادہ جامع اور مساوی معاشرے کی تشکیل کی جانب ایک اہم قدم ہے اور این سی ایس ڈبلیو اور یونیسف ملک بھر میں خواتین اور بچوں کی زندگیوں پر مثبت اثر ڈالنے کے لئے وقف ہیں۔