اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):موٹر وے پولیس نے دوران سفر کھو جانے والا بیگ جس میں دو لاکھ روپے نقدی بھی موجود تھی، تلاش کر کے مالک کے حوالے کر دیا۔ترجمان موٹر وے پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پشاور سے سوات جاتے ہوئے پالیاں (سوات ایکسپریس وے ) کے قریب ایک گاڑی خراب ہوگئی تھی جسے مدد فراہم کی گئی،جس کے بعد گاڑی وہاں سے روانہ ہو گئی۔ایک بیگ جس میں دو لاکھ روپے نقدی اور کچھ کپڑے موجود تھے وہیں رہ گیا،یاد آنے پر ڈرائیور نے راستے میں موٹروے پولیس پیٹرولنگ ٹیم سے مدد طلب کی جس پر بتائی گئی جگہ سے قریب ترین پٹرولنگ ٹیم کو آگاہ کیا۔جنہوں نے فی الفور تلاش شروع کر دی اور بالآخر مذکورہ سامان تلاش کر کے مالک کے حوالے کر دیا گیا،جس پر مالک نے موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔