اسلام آباد۔:پاکستان نے انتہا پسند گروہ کی جانب سے فرینکفرٹ جرمنی میں اپنے قونصل خانے پر حملے اور جرمن حکام کی طرف سے قونصل مشن کے احاطے کے تقدس اور سلامتی کے تحفظ میں ناکامی کی مذمت کرتے ہوئے جرمن حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ویانا کنونشنز کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور جرمنی میں پاکستانی سفارتی مشنز اور عملے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔اتوار کو دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ ویانا کنونشن برائے قونصلر تعلقات، 1963 کے تحت میزبان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قونصلر احاطے کے تقدس کی حفاظت کرے اور سفارتکاروں کی سلامتی کو یقینی بنائے،اس واقعے نے فرینکفرٹ میں پاکستان کے قونصل خانے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ، جس سے اس کے عملے کی جان کو خطرہ لاحق ہوا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم جرمن حکومت کو اپنے احتجاج سے آگاہ کر رہے ہیں،ہم جرمن حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ ویانا کنونشنز کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور جرمنی میں پاکستانی سفارتی مشنز اور عملے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم جرمن حکام پر بھی زور دیتے ہیں کہ وہ واقعے میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کریں اور ان کے خلاف کارروائی کریں اور سکیورٹی کی خامیوں کے ذمہ دار افراد کو بھی جوابدہ ٹھہرائیں۔