اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی وماحولیاتی کوآرڈینیشن اور حکومت برطانیہ نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے تعاون کے فروغ پر اتفاق رائے کیا ہے۔یہ اتفاق رائے وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم اور برطانوی سفارتخانے کے ایک وفد کی ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر جو موئیر کی قیادت میں ان سے ملاقات کے دوران طے پایا۔جمعہ کو وزارت موسمیاتی تبدیلی سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ یہ تعاون موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ میں ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتا ہے اور دونوں ممالک اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔رومینہ خورشید عالم نے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی انحطاط کے اہم مسائل سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کی سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں اور کارپوریٹ سیکٹرز کو آپس میں مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے گلوبل وارمنگ کے اثرات کو کم کرنے، سیلاب کے خطرات سے نمٹنے اور کمزور کاشتکار برادریوں کی مدد کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کیا۔رومینہ خورشید عالم نے واضح کیا کہ موسیماتی تبدیلی نے زرعی پیداواری صلاحیت کو متاثر کیا ہے جس سے غذائی تحفظ اور معاش کو خطرہ لاحق ہوا ہے اور ملک کو ماضی میں موسمیاتی آفات سے اربوں ڈالر کے معاشی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔