لندن(مانیٹرنگ ڈیسک ) :پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کامن ویلتھ سیکرٹریٹ لندن میں دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ سے ملاقات کی۔ملاقات میں برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام بھی موجود تھے۔رانا مشہود نے کہا کہ دولت مشترکہ کے بانی رکن کے طور پر پاکستان دولت مشترکہ کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر دیکھتا ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان کے پاس دولت مشترکہ کے ساتھ اپنے پائیدار ترقی کے ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کی وسیع گنجائش موجود ہے جس میں تعلیم، نوجوانوں کے لیے ہنر کی فراہمی، خواتین کو بااختیار بنانے، صحت اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے اقدامات
شامل ہیں۔رانا مشہود نے دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل کو وزیراعظم شہباز شریف کے ملٹی سیکٹر پارٹنرشپ پروگرام "جنریشن ان لمیٹڈ” اور نیشنل یوتھ کونسل کے قیام کے اقدام کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ کونسل باصلاحیت نوجوانوں پر مشتمل ایک مشاورتی ادارے کے طور پر کام کرے گی جو نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے بارے میں حکومت کو پالیسی مشورے فراہم کرے گی۔دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ وہ اس ماہ کے آخر میں اپنے دورہ پاکستان کی منتظر ہیں اور امید ظاہر کی کے ان کا دورہ پاکستان بہت نتیجہ خیز ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی یوتھ ایمپلائبلٹی انڈیکس میں تیسرے نمبر پر ہے اور یہ پاکستان کے لیے ایک بڑی طاقت ہے جس سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے قدرتی آفات سے نمٹنے اور امدادی سرگرمیوں کے لیے دولت مشترکہ ممالک کے درمیان مشترکہ میکانزم قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیاانہوں نے کہا کہ گرین ہائوس گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے، اس کے باوجود پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے پیدا شدہ آفات کا شکار ہے۔ دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل نے ٹیکنالوجی بالخصوص مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں نوجوانوں کی تعلیم کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔انہوں نے پاکستان کو دولت مشترکہ کے اے آئی کنسورشیم میں شامل ہونے کی دعوت دی جو پاکستانی نوجوانوں کو اے آئی میں تربیت دینے میں مدد کرے گی۔