اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہواوے کی مدد سے سالانہ تین لاکھ پاکستانی طلباء و طالبات کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی پیشہ وارانہ تربیت سے ملک کی آئی ٹی برآمدات بڑھیں گی، خودکار، جدید و تیز تر گورننس کے نظام کے نفاذ کے لئے حکومتی اداروں کی ڈیجیٹائزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ہواوے پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایتھن سن کی قیادت میں چار رکنی وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ دورہ چین میں ہواوے ہیڈکوارٹر کا دورہ انتہائی مفید رہا، ہواوے سے مختلف شعبوں میں بالخصوص نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید تربیت فراہم کنے کیلئے اشتراک سب سے اہم ہے، ہواوے کی مدد سے سالانہ تین لاکھ پاکستانی طلباء و طالبات کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی پیشہ ورانہ تربیت سے ملک کی آئی ٹی برآمدات بڑھیں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف خواتین بلکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر اس تربیتی پروگرام کا حصہ بنائے گی، حکومت ہواوے کے ساتھ پاکستان کی ڈیجیٹل اکانومی میں پائیدار اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں باصلاحیت افرادی قوت کی مضبوط بنیاد قائم کرنے سے ہی ڈیجیٹل اکانومی کو فروغ دیا جا سکتا ہے، خودکار، جدید و تیز تر گورننس کے نظام کے نفاذ کے لئے حکومتی اداروں کی ڈیجیٹائزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔وفد نے وزیراعظم کو پاکستان اور ہواوے کے مابین ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کے لئے تعاون کے معاہدے کے تحت جاری منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی ٹی کی تربیت کے لئے جدید طرز کا میسیو اوپن آن لائن کورسز سسٹم تیار کیا جا چکا ہے جسے صوبائی حکومتوں تعاون سے نافذ کیا جائے گا۔وفد نے پاکستان کی قومی کلاؤڈ سٹریٹجی سے ہم آہنگ نیشنل ڈیٹا سینٹر بنانے کے لئے تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ نیشنل ڈیٹا سینٹر کے قیام سے بہتر کلاؤڈ سروسز کی فراہمی یقینی ہو جائے گی اور کثیر زر مبادلہ بچایا جا سکے گا۔وفد نے بتایا کہ اسلام آباد کو سمارٹ سٹی بنانے کے لئے ہواوے حکومت پاکستان کے ساتھ شراکت داری کا خواہاں ہے، اسلام آباد سمارٹ سٹی منصوبے کے تحت ٹریفک، صحت اور تعلیم کی خدمات سے لے کر پارکنگ وغیرہ جیسے دیگر سہولیات ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر میسر ہوں گی۔ملاقات میں وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسن افضل اور متعلقہ اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔