اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کا قومی مشن۔وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے 11 برس بعد نیشنل ڈرگ سروے کرانے کی اصولی منظوری دے دی۔وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق اس ضمن میں وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی کی زیر صدارت "کمیٹی برائے نیشنل ڈرگ سروے” کا اجلاس وزارت داخلہ میں منعقد ہوا۔ "نیشنل ڈرگ سروے” کے تحت ملک بھر میں منشیات استعمال کرنے والے افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات محسن نقوی نے ہدایت کی کہ نیشنل ڈرگ سروے کو ہر صورت جامع اور مستند ہونا چاہیئے۔ سروے کے درست ڈیٹا کی اصل اہمیت ہے اور اسی کا فائدہ ہو گا۔ وزیر داخلہ و انسداد منشیات نے ہدایت کی کہ سروے میں گھروں کے علاوہ تعلیمی اداروں ، کچی آبادیوں اور دیگر جگہوں سے بھی ڈیٹا جمع کیا جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے کہا کہ مستند اور جامع سروے سے ہی انسداد منشیات کے ضمن میں بھرپور اور مفصل فیصلہ سازی ممکن ہو گی۔انسداد منشیات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا کیونکہ یہ قوم کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔ محسن نقوی نے 15 دن کے اندر سروے سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ اے این ایف اور پاکستان بیورو آف سٹیٹکس مل کر سروے کے انعقاد کے لیے طریقہ کار، مطلوبہ ڈیٹا کی نوعیت، نمونہ کی شکل، اور ٹائم لائن کو وضع کریں۔ سروے کے انعقاد میں تعاون کیلئے بین الاقوامی ترقیاتی اداروں سے بھی رابطہ کیا جائے۔واضح رہے کہ آخری نیشنل ڈرگ سروے 2013 میں ہوا تھا۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری پلاننگ، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ، ڈی جی اے این ایف اور چیف سٹیٹیشن نے شرکت کی۔