اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد میں جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا کے عالمی دن کے موقع پر جمعرات کو ایک تقریب کا اہتمام کیا۔اس موقع پر سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، پاکستان میں جنوبی افریقہ کے قائم مقام ہائی کمشنر فلپ ریلی، جنوبی افریقہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر آفتاب حسن خان اور چیئرمین انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد سفیر خالد محمود نے خطاب کیا اور نیلسن منڈیلا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق تقریب کی نظامت انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز کی سینٹر فار افغانستان مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ کی ڈائریکٹر آمنہ خان نے کی۔ سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیلسن منڈیلا ہمارے دور کی سب سے نمایاں شخصیت ہیں، جنہوں نے نسل پرستی کے خلاف جدوجہد اور مساوات، انصاف اور امن کے لیے انتھک کوششوں سے بہت سے لوگوں کو متاثر کیا۔انہوں نے پاکستان کے لیے نیلسن منڈیلا کی خصوصی وابستگی کو اجاگر کیا اور پاکستان-جنوبی افریقہ تعلقات کے اپنے وژن کے ساتھ باہمی کوششوں کو ہم آہنگ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ سفیر سہیل محمود نے کہا کہ نیلسن منڈیلا نے جیل میں سٹینلے وولپرٹ کی کتاب پڑھنے کے بعد برطانوی نوآبادیاتی حکمرانی کے خلاف آئینی جدوجہد پر قائداعظم محمد علی جناح کی تعریف کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ رہائی کے بعد محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سب سے پہلے پاکستان کا دورہ کریں گے۔انہوں نے 1992 اور 1999 میں نیلسن منڈیلا کے پاکستان کے دوروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نیلسن منڈیلا نے3 اکتوبر 1992 کو انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد کا دورہ کیا تھا جو پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیلسن منڈیلا کو 1992 میں پاکستان کا سب سے بڑا سول ایوارڈ ”نشان پاکستان“ دیا گیا جبکہ انہوں نے 1999 میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا تھا۔ سہیل محمود نے کہا کہ نیلسن منڈیلا نے مسئلہ کشمیر کے حل اور فلسطینی کاز کی حمایت میں بھی آواز بلند کی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نیلسن منڈیلا کی زندگی اور جدوجہد امید کی کرن، عزم کی طاقت اور معاشرے پر انفرادی کوششوں کے اثرات کی یاد دہانی کراتے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے قائم مقام ہائی کمشنر فلپ ریلی نے تین دہائیوں کی قید کے باوجود نیلسن منڈیلا کی انصاف کے لیے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ کے پہلے سیاہ فام صدر کے طور پر نیلسن منڈیلا نے ایک ”رینبونیشن“ کا تصور پیش کیا جہاں سب اپنی خواہشات کو پورا کرسکیں۔جنوبی افریقہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر آفتاب حسن خان نے نیلسن منڈیلا کی زندگی کو درگزر، انصاف اور مساوات کے لیے غیر متزلزل عزم کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے نیلسن منڈیلا کے قیدی سے صدر تک کے سفر اور آزادی کے لیے ان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے معاف کرنے کی صلاحیت اور مل جل کررہنے کا تصور متعارف کرایا۔انہوں نے بانی پاکستان محمد علی جناح کے لیے نیلسن منڈیلا کی تعریف کا بھی ذکر کیا۔سفیر خالد محمود نے اپنے خطاب میں نیلسن منڈیلا کے گہرے عالمی اثرات کو ایک ایسی شخصیت کے طور پر اجاگر کیا جن کی زندگی اور میراث دنیا بھر کے لوگوں کو متاثر کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی طرف سے 18 جولائی کو نیلسن منڈیلا ڈے کے طور پر منانے کا کا مقصد مساوات اور انصاف کے لیے منڈیلا کی انتھک جدوجہد کا احترام کرنا ہے۔