راولپنڈی(نمائندہ خصوصی ):چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 97ویں سالگرہ جمعرات کو یہاں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں منعقد ہوئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارتخانے کے حکام اور پاکستان کی سہ فریقی افواج کے افسران نے تقریب میں شرکت کی۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرنے چینی مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے پی ایل اے کو مبارکباد دی اور چینی دفاع، سلامتی اور ملکی ترقی میں پی ایل اے کے تعاون کی تعریف کی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرنے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات غیر معمولی ہیں اور انہوں نے ہمیشہ باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کی حمایت میں غیر متزلزل یقین کے ساتھ اسٹریٹجک ماحول کے اتار چڑھاؤ کا مقابلہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں اور دونوں فوجیں دوطرفہ فوجی تعاون میں مصروف ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان آہنی بھائی چارے کا مظاہرہ کرتی ہیں۔اس موقع پر چینی سفیر نے پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 97ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کی میزبانی کرنے پرچیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرکا شکریہ ادا کیا۔چینی سفیر نے کہا کہ پاکستانی فوج ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے آگے رہی ہے اور پاکستان اور خطے کے امن و استحکام کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔چینی سفیر نے کہا کہ ہم دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں اور اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ کوئی بھی طاقت چین اور پاکستان کے درمیان فولادی دوستی اور دونوں افواج کے درمیان بھائی چارے کو ختم نہیں کر سکتی۔