سیالکوٹ۔ : (نمائندہ خصوصی ):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے امام بارگاہ زہرہ بتول اڈہ پسروریاں سے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی یاد میں برآمد ہونے والے جلوس کا دورہ کیا۔انہوں نے منتظمین سے ملاقات کی اور جلوس کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔یوم عاشور کے موقع پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ1400 سال کے بعد جس طرح فلسطینیوں نے 40 ہزار جانیں قربان کر کے حسین اور کربلا کی یاد تازہ کی ہےجس میں 37 ہزار بچے قربان کر دیے ہیں لیکن یزید کے آگے سر نہیں جھکایا،آج بھی ہزاروں معصوم شہید ہو رہے ہیں ، خواتین کے سروں سے چادریں نوچی جارہی ہیں،جنازے اٹھانا والا کوئی نہیں ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ بالکل وہی تاریخ دہرائی جا رہی ہے اس وقت بھی لوگ مصلحتوں کا شکار ہوئے ہیں،اس وقت بھی اقتدار جن کے پاس تھا لوگ ان کے آگے سرنگوں ہوئے اور نبی پاک ؐ کےخانوا دے کے ساتھ کوئی کھڑا نہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ آج بھی فلسطینی کربلا کی سنت پوری کر رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سنت کی آبیاری خون سے کرنی پڑتی ہے اور وہ خون اس وقت غزا کے مسلمان دے رہے ہیں اور عالم اسلام زبانی جمع خرچ کر رہا ہے۔خواجہ محمد آصف نے کہا کہ یزیدیت کا مقابلہ ہوتا رہے گا اور انشاءاللہ فتح حسینیت کی ہوگی۔یوم عاشور لے موقع پر امت مسلمہ کو پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے دن کا یہی پیغام ہے کہ اس عظیم قربانیوں کو اپنی زندگیوں میں اپنائیں تاکہ امت مسلمہ ذلت کی گہریوں سے اٹھ سکے۔