کراچی۔: (نمائندہ خصوصی ):شہرقائد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوا۔دس محرم الحرام کے مرکزی جلوس سے قبل نشترپارک میں مجلس عزاء سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں پرروشنی ڈالی۔جس کے بعد مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا۔نماز ظہرین مین ایم اے جناح روڈ نزد امام بارگاہ علی رضا پر ادا کی گی۔مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر اختتام پذیر ہوا۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سید مراد علی شاہ نے یوم عاشورہ کے مرکزی ماتمی جلوس میں شرکت کی،اس موقع پر صوبائی وزراء سعید غنی، ضیا لنجار، وقار مہدی اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی آمد پر آئی جی پولیس نے سکیورٹی انتظامات سے متعلق آگاہی دی۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نمائش پر ماتمی جلوس کی قیادت کی۔اس موقع پر پانی اور شربت کی سبیلیں بھی لگائی گئیں، سماجی تنظیمیں عزاداروں میں کھانے پینے کی اشیا تقسیم کرتی رہیں، اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے۔ایم اے جناح روڈ کے اطراف کی تمام گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا تھا جبکہ راستے میں آنے والی تمام دکانیں بھی سیل کی گئی تھیں ۔ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے ایم اے جناح روڈ کے مرکزی جلوس کا فضائی معائنہ بھی کیا۔وزیر اعلیٰ سندھ کے ساتھ صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار بھی تھے۔وزیر اعلیٰ نے جلوس کی سکیورٹی اور راستوں کا جائزہ لیا۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ یوم عاشورہ کے انتظامات کی نگرانی کرنے سی پی او پہنچ گئے اس موقع پر وزیر داخلہ ضیا لنجار بھی تھے۔وزیراعلیٰ سندھ کی آمد پر آئی جی پولیس غلام نبی میمن نے استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کی ذریعے نقل حرکت دیکھی۔وزیراعلی سندھ کو بریفنگ دی گئی کہ 320 کیمرے جلوسوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے جلوسوں کے اختتام اور عزاداروں کے گھروں تک پہنچنے تک سکیورٹی انتظامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل اظہر وقاص نے 10محرم الحرام یوم عاشورہ کے موقع پر کراچی میں مرکزی جلوس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا،ڈی جی رینجرز نے کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔ علاقہ سیکٹر کمانڈر نے ڈی جی رینجرز کو عاشورہ ِمحرم الحرام کے مرکزی جلو س کی سکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ڈی جی رینجرز نے جلوس کے راستوں پر کیے جانے والے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔رینجرز کے ماہر نشانہ باز اسنائپرز بھی بلند عمارتوں پر تعینات تھے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ جلوس کی سکیورٹی کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی کا عمل بھی جاری رہا،کراچی کے مختلف علاقوں میں رواں ماہ کے دوران متعدد کومبنگ آپریشن کیے گئے۔جلوس کے منتظمین نے سکیورٹی اداروں کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔پولیس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے روٹس کا دورہ کیا۔مرکزی جلوس کی گذرکاہوں پر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات دیں۔ڈی آئی جی ایسٹ، ٹریفک کراچی،ایس ایس پی ایسٹ اور دیگر سینئر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔