لاہور۔: (نمائندہ خصوصی ):مسلم لیگ( ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ سیاسی جماعت پر پابندی ابھی لگی نہیں بلکہ سارا معاملہ سپریم کورٹ کے سامنے رکھیں گے، ملک میں سیاسی استحکام بہت ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یہاں ماڈل ٹائون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جاوید لطیف نے کہا کہ 75سالوں میں جو کچھ ہوتا رہا اس سے ملک کو نقصان ہوتا رہا، یہ حقیقت ہے کہ سیاسی جماعتوں کے اکابرین اگر کسی وجہ سے خاموش رہیں تو الگ بات ورنہ جانتے سب ہیں۔میاں جاوید لطیف نے کہا کہ بتایا جائے کہ کیا سی پیک سے ملک کی ترقی ممکن ہے یا نہیں،اگر چین ملک میں سرمایہ کاری نہ کرنے آتا توحالات یکسر مزید خرابی کی طرف جاتے،2014کا ڈرامہ 2017میں منطقی انجام کو پہنچا پھر 4 سال سی پیک پر کام بند رہا۔انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پر پابندی لگی تو کہیں سے تشویش کا اظہار نہیں ہوا لیکن آج تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کے لئے کام کرنے والا کوئی پھانسی چڑھ گیا، کوئی تاحیات نااہل ہو گیالیکن 4 سال کچھ نہ کرنے والے کو ہیرو بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ کیا آئی ایم ایف کے ساتھ خط و کتابت اور معاہدے نہ ہونے دینا یا اپنی صوبائی حکومت سے ایسی باتیں کروانا درست ہے؟کیا کوئی بھی قومی جماعت 9مئی جیسا اقدام کر سکتی ہے ،9مئی کے ثبوت قوم کے سامنے بے نقاب کئے جائیں،سیاسی جماعت پر پابندی کے حوالے سے سارا معاملہ سپریم کورٹ کے سامنے رکھیں گے۔