راولپنڈی : (نمائندہ خصوصی ):ڈیرہ اسماعیل خان میں رورل ہیلتھ سنٹر پر دہشت گردوں کے حملے میں 5 شہری شہید ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گرد جہنم واصل کردیئے ، فائرنگ کے تبادلے میں دو جوان بھی شہید ہوگئے۔منگل کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق 15 اور 16 جولائی کی درمیانی شب دہشت گردوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ کیری شاموزئی میں دیہی مرکز صحت پر حملہ کیا جس کے نتیجہ میں دو لیڈی ہیلتھ ورکرز سمیت پانچ شہری شہید ہوگئے۔شہید ہونے والوں میں دو بچے اور ایک چوکیدار بھی شامل ہے۔ سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر دیہی مرکز صحت میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا جس کے نتیجہ میں دہشتگردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا تاہم اس دوران نارروال کے رہائشی 44 سالہ نائب صوبیدار محمد فاروق اور خانیوال کے رہائشی 23 سالہ سپاہی محمد جاوید اقبال نے جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ علاقہ میں کسی بھی دہشت گرد کی موجودگی اور اس کے خاتمہ کیلئے کارروائی جاری ہے، معصوم شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے والے شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔