اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی ):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کے لئے جدید ہنر و پیشہ ورانہ تعلیم میں سرمایہ کاری کیلئے پُر عزم ہے،نوجوانوں کو ہر شعبہ زندگی میں ترقی اور باوقار روزگار کیلئے جدید ہنر و پیشہ ورانہ تربیت یقینی بنائیں گے۔عالمی یومِ ہنر برائے نوجواناں کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہمارے باصلاحیت نوجوان ہیں۔ پاکستان کے مستقبل کو روشن کرنے کیلئے نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ترقی یافتہ قومیں اپنے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے میں سرمایہ کاری کرتی ہیں۔ حکومت اپنے نوجوانوں کو جدید تعلیم، یکساں ترقی کے مواقع کے ساتھ ساتھ دنیا سے مقابلہ کرنے کیلئے جدید پیشہ ورانہ تربیت سے آراستہ کر رہی ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں 3 لاکھ اور جدید زراعت کیلئے 1 ہزار نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت کیلئے چین بھیجنے کا اقدام ، جو ان کے حالیہ دورہ چین کے دوران طے پایا ، حکومت کے اسی عزم کا اعادہ ہے۔اس ضمن میں نہ صرف خواتین بلکہ پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو خصوصی ترجیح دی جارہی ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ قومی سطح پر بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تربیتی پروگرامز جاری ہیں جہاں سے فارغ التحصیل لاکھوں طلبا پاکستان اور پاکستان سے باہر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ نیوٹیک (NAVTTC) کے تحت اداروں کی اصلاحات کے عمل کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے.نیوٹیک اور اس کے شراکتی اداروں کے ساتھ مل کر حکومت ہزاروں نوجوانوں کو مارکیٹ ایبل ہنر و پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو ہر شعبہ زندگی میں ترقی اور باوقار روزگار کیلئے جدید ہنر و پیشہ ورانہ تربیت یقینی بنائیں گے۔\