اسلام آباد( نیٹ نیوز )ایس ایس جی کمانڈو کی زندگی قربانی اور جذبہ خدمت سے سرشار ہوتی ہے۔جس کی مثال حالی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک واقعہ سے ملتی ہے۔ضلع بھمبر آزاد کشمیر کے علاؤہ سماہنی جنڈالہ میں پاکستان بحریہ کے کمانڈو عمار علی نے اپنی ولیمہ کے رونقوں اور مہمانوں کے جھرمٹ کو پس پشت ڈال کر؛ صرف جذبہ انسانی کے تحت ایک معصوم جان کو بچانے کی سرتوڑ کوشش کی۔ واقعہ کچھ یوں ہے کہ سرگودھا سے سیاحت پر آنے والی فیملی کا ایک بچہ مقامی ندی میں ڈوب گیا۔ قریب میں موجود افراد اور پھر ریسکیو 1122 نے مدد کے لئے پاکستان بحریہ کے کمانڈو عمار علی کو فون کال کی۔کمانڈو عمار علی اپنے ولیمہ کی تقریب میں شریک تھے۔ لیکن محض انسانی خدمت کے جذبہ کے تحت؛ فورا اس ریسکیو آپریشن میں شامل ہونے کو تیار ہو گئے۔ کیونکہ یہ ہی وہ وقت تھا جس میں نوجوان اپنی برسوں کی ٹریننگ اور ہمت کو خدمت انسانی کے لئے آزماتے۔ڈائیونگ سوٹ میں ملبوس ہونے کے بعد ریسکیو آپریشن کو پلان کیا۔ اور دو گھنٹے کی محنت کے بعد آخرکار بچے کی نعش کو برآمد کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ اس بے مثال جذبہ اور ہمت پر آزاد کشمیر سمیت پاکستان کا سوشل میڈیا نوجوان کمانڈو عمار علی کو خوب تحسین پیش کر رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ افواج پاکستان کے ہر جوان کو سلامت رکھے اور اسی طرح بے غرض خدمت کرنے کی توفیق بھی عطا فرمائے