پشاور۔: (نمائندہ خصوصی ):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے بونیر میں پیر بابا گردوارے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سکھ برادری کی خواتین سے بات چیت کی۔ انہوں نے سکھ خواتین کی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن کے طریقہ کار کے حوالے سے رہنمائی کی۔روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی دفتر بونیر کے عملے کو ہدایت کی کہ وہ سکھ برادری سے تعلق رکھنے والی مستحق خواتین کو سروے میں سہولت فراہم کرے، سینیٹر روبینہ خالد نے عملے کو یہ بھی ہدایت دی کہ پاکستان میں موجود تمام اقلیتی برادریوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں تاکہ وہ جلد سے جلد سروے میں شرکت کرکے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا حصہ بن سکیں ۔انہوں نے سکھ خواتین سے کہا کہ سروے کے عمل کے بعد مستحق و غریب خواتین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کر لیا جائیگا، سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ایسی خواتین جن کے گھر میں معذور افراد ہوں وہ نادرا سے معذوری سرٹیفکیٹ حاصل کریں تاکہ ان گھرانوں کو ترجیحی بنیادوں پر پروگرام میں شامل کیا جائےانہوں نے سکھ برادری کی خواتین کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مذہب و سیاست سے بالا تر ملک کے غریب گھرانوں کی فلاح و بہبود کا پروگرام ہے،سکھ برداری نے سینیٹر روبینہ خالد کی پیر بابا گردوارے آمد پر انکا شکریہ ادا کیا اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے اقلیتی برادری کی بہبود کیلئے انکی کاوشوں کو سراہا۔