لاہور(نمائندہ خصوصی) ”میرا پنجاب سموگ فری“۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ماحولیات کی بہتری کے لئے پائیدار اقدامات اٹھاتے ہوئے پنجاب میں چیف منسٹر کلائمٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرنشپ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سموگ کے مستقل سدباب کے لئے مل جل کر اقدامات کرنا ہوں گے۔ سموگ فری پنجاب انیشی ایٹو کے تحت ینگ گریجوایٹس کمیونٹی سروس کی منفردخدمات سرانجام دیں گے۔گزشتہ 2 سال میں اپنی ڈگری مکمل کرنے والے گریجوایٹ اپلائی کر سکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ چیف منسٹر پنجاب کلائمٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرنشپ پروگرام کے تحت انٹرنز کو ماہانہ 25 ہزار سکالرشپ دیا جائے گا۔کلائمیٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام کمیونٹی سروس اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلائمٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام میں 20 جولائی 2024 تک رجسٹریشن کروائی جا سکتی ہے۔ انٹرن شپ مکمل کرنے والے18تا 25سال تک نوجوانوں کو کمیونٹی سروس سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔ انوائرمنٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے کمیونٹی سروس سرٹیفکیٹ ملے گا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے اپیل کی کہ عوام سموگ کے سنجیدہ مسئلے کے حل کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔ گاڑیوں اور کارخانوں سے دھویں کے اخراج کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی جائے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پلاسٹک کے استعمال میں کمی لائی جائے اور فصلوں کی باقیات کو جلانے سے گریز کیا جائے۔ آج ہم اپنے ماحول کو صاف رکھنے کی کوشش نہیں کریں گے تو کب اور کون کرے گا؟۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ اس سال پنجاب حکومت کے اقدامات سے سموگ میں کمی آئے گی۔