اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی ):پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری کوکوپ29 انٹرنیشنل ایڈوائزری کمیٹی کا رکن مقرر کر دیا گیا ہے۔یہ فیصلہ کوپ 29 انٹرنیشنل ایڈوائزری کمیٹی (آئی اے سی) کے افتتاحی اجلاس کے دوران کیا گیا جو 11 جولائی کو کوپ 29 آئی اے سی کے قیام کے لئے ورچوئل طور پر منعقد ہوا تھا۔ کوپ29کانفرنس11-22 نومبر، 2024 کو آذربائیجان کے شہر باکو میں ہوگی ۔ کوپ 29 کے صدر اور میزبان ملک کی حیثیت سے جمہوریہ آذربائیجان ریاستی جماعتوں ، بین الاقوامی تنظیموں ، مالیاتی اداروں ، کاروباری اداروں ، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی سمیت مختلف اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنے کے لئے پرعزم ہے جس کا مقصد کانفرنس کے جامع اور موثر نتائج فراہم کرنا ہے۔کمیٹی آب و ہوا کے اقدامات کے مختلف ستونوں پر قابل قدر نقطہ نظر رکھنے والی ممتاز شخصیات پر مشتمل ہوگی ۔ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری اس کمیٹی میں جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے واحد ممتاز ماہر ہیں جواس سال کے آخر میں آذربائیجان کے شہر باکو میں ہونے والے کوپ29 کے مذاکراتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں سی او پی 29 کے صدر کی مدد کریں گے۔