اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم آزادجموں و کشمیرچوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ یوم شہدا کشمیر تحریک آزادی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،کچھ واقعات قوموں کی زندگی میں بڑی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ہفتہ کویوم شہداء کشمیر پر خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن تحریک آزادی کشمیر میں خاص اہمیت کا حامل ہے،13 جولائی 1931 کو کشمیری عوام نے شخصی حکمرانی کو للکارا اور مہاراجہ کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آج کا دن ان عظیم 22 کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ہے جنہوں نے اذان کی تکمیل کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دئیے،شہداء میں سے کسی ایک کی بھی پیٹھ پر گولی نہیں لگی بلکہ سب نے سینے پر گولیاں کھائیں۔چوہدری انوارالحق نے کہا کہ آزادی کے لئے اس شجاعت اور جذبے کی دنیا کی کسی تاریخ میں مثال نہیں ملتی،کشمیریوں نے پاکستان کی محبت میں جو قربانیاں دی ہیں وہ رنگ لائیں گی ،وزیراعظم نے کہا کہ سرینگر اور مقبوضہ جموں میں سبز ہلالی پرچم لہرائے گا اور پوری ریاست جموں و کشمیر کا الحاق پاکستان سے ہو گا،آزاد حکومت اس مشن کو مکمل کرنے کیلئے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔