اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایف بی آر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،ایف بی آر کی آٹومیشن اور ڈیجیٹلائزیشن حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے ہفتہ کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک اور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ملک امجد زبیر ٹوانہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔وزیراعظم نے ایف بی آر میں یادگار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ ایف بی آر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،ایف بی آر کی آٹومیشن اور ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم نے ویب بیسڈ ون کسٹمز سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے فوری طور پر 2 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم کو ایف بی آر میں جاری اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم کو طویل مدتی ڈیجیٹلائزیشن حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا،پاکستان کسٹمز کی تمام سروسز کی جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹلائزیشن تیزی سے جاری ہے۔وزیراعظم کو ایف بی آر تاجر دوست موبائل ایپلی کیشن کے پہلے مرحلے کی تکمیل پر بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ایف بی آر کی تاجر دوست موبائل ایپلی کیشن خود کار نظام پر مبنی جس میں گھر بیٹھے ٹیکس نظام میں رجسٹریشن سے لے کر ٹیکس جمع کروانے تک کا تمام عمل کی سہولت دی گئی ہے۔جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹیکس دینے کی صلاحیت رکھنے والے 49 لاکھ افراد کی نشاندہی کی گئی ہے۔وزیر اعظم نے چیئرمین ایف بی آر کو ٹیکس بیس بڑھانے اور نشاندہی شدہ افراد کو فوری ٹیکس نیٹ میں لانے اور فلور ملز مالکان سے مل کر ان کے تمام جائز مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔بریفنگ میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر احمدتارڑ ، وزیرمملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان ، چیئر مین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ ، ایف بی آر اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی