اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی ):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چین کے گلوبل ڈیویلپمنٹ انیشٹیو کے ذریعے پائیدار ترقی اور مشترکہ خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے مشرقی اقوام کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، گلوبل ڈیویلپمنٹ انیشیٹو میں مشترکہ ترقی کو فروغ دے کر دنیا کے مستقبل کو تشکیل دینے کی بڑی صلاحیت ہے ۔ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیجنگ میں چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے زیر اہتمام عالمی ایکشن برائے مشترکہ ترقی کے فورم کے دوسرے اعلیٰ سطحی اجلاس سے ورچوئل خطاب کے دوران کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک عالمی ترقی کے عمل میں قائدانہ کردار ادا کریں، پائیدار ترقی اور صحت جیسے عالمی چیلنجوں کو مشرقی نقطہ نظر سے دیکھنے کی ضرورت ہے ۔صدر مملکت نے کہا کہ زیادہ تر عالمی آبادی مشرقی ممالک بالخصوص چین ، پاکستان اور دیگر ہمسایہ ممالک میں رہائش پذیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان صدر شی جن پنگ اور چین کی جانب سے مشرقی ممالک اور پوری دنیا کی قیادت میں 21 ویں صدی میں آگے بڑھنے کا خواہشمند ہے، چین کے گلوبل ڈیویلپمنٹ انیشیٹو کا مقصد پائیدار ترقی کے ایجنڈا پر عمل درآمد کو تیز کرنا ہے ۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین گلوبل ڈیویلپمنٹ انیشیٹیو پر عمل درآمد کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر چکے ہیں ۔