کراچی (نمائندہ خصوصی ) گلوبل عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت اور وزارت خارجہ عافیہ کی رہائی کے لیے آج کیا کررہی ہے ، یہ زیادہ اہم ہے۔ ماضی میں تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کو حکومت کرنے کا موقع ملا مگر کسی نے بھی عافیہ کو امریکہ کی قید ناحق سے رہائی نہیں دلائی تھی۔ اب میاں شہباز شریف کی حکومت یہ قومی اور آئینی فریضہ ادا کر کے قوم کے سامنے سرخرو ہو سکتی ہے۔ جرم بے گناہی کی پاداش میں ڈاکٹر عافیہ کے قید ناحق میں 7777 دن مکمل ہوگئے ہیں۔ عافیہ کی بے گناہی کی وجہ سے دنیا بھر میں اس کی رہائی کے لیے جدوجہد جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ڈاکٹر عافیہ کے سپورٹرز نے استقامت، حکمت اور نئے عزم کے ساتھ ”اب عافیہ کو بچاﺅ“ #SaveAafiaNow مہم شروع کر دی ہے کیونکہ اگلے چند ماہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے حوالے سے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کے 7777 دن قید تنہائی میں گزرنا ماضی اور حال کے حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت اور بے حسی کی علامت ہے۔ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کے لئے پوری قوم ”اب عافیہ کو بچاﺅ“ #SaveAafiaNow مہم میں بھرپور حصہ لے کیونکہ عافیہ کو آج بھی بدترین ذہنی و جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔