اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی ):سماجی تحفظ کے ماہر امجد ظفر خان کی زیر قیادت عالمی بینک اور فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے ایک وفد نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ وفد کے شرکاء میں میلس یو گوون (لیڈ اکانومسٹ/کو-ٹاسک ٹیم لیڈر) زینب مجوکا (اکانومسٹ) اور دیگر شامل تھے۔چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالداور سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد کے ساتھ ملاقات کے دوران وفد نے کرائسز ریزیلینٹ سوشل پروٹیکشن (کرسپ )منصوبے کے حوالے سے جنوری تا جون 2024 کے اہداف پر اپنے نتائج پیش کئے۔امجد ظفر خان نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے سماجی رجسٹری میں اختراعات، بائیو میٹرک ادائیگی کے نظام، ہائبرڈ سوشل پروٹیکشن سکیم، صحت و غذائیت میں بہتری اور سکولوں میں بچوں کے اندراج سے متعلق اہداف کی کامیابی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ تمام طے کردہ اہداف تسلی بخش کارکردگی کے ساتھ عبور کئے گئے ہیں ۔چیئرپرسن روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کی کارکردگی کے جائزے اور تعاون پر عالمی بینک کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مستحق افراد میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نئے اقدامات کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے اور یونین کونسل کی سطح پر رسائی کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔میلس یو گوون نے بھی بی آئی ایس پی کی ہائبرڈ سوشل پروٹیکشن اسکیم کی تعریف کی اور کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سماجی تحفظ کے پروگراموں کو نافذ کرنے والے دیگر ترقی پذیر ممالک کے لئے ایک رول ماڈل کے طور پر ابھرا ہے۔