اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی )نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارکی زیر صدارت ہوائی اڈوں کی آئوٹ سورسنگ سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کا 11 واں اجلاس جمعہ کو یہاں منعقد ہوا۔ نائب وزیر اعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیر خزانہ، وزیر پٹرولیم، سیکرٹری ایوی ایشن، سیکرٹری قانون، سیکرٹری بی او آئی اور کنٹری ڈائریکٹر آئی ایف سی نے شرکت کی۔سیکرٹری ایوی ایشن نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ آئوٹ سورسنگ پراجیکٹ میں یورپ سمیت مختلف ایئرپورٹ آپریٹرز نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ان میں سے کچھ آپریٹرز نے مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ کنسورشیم تشکیل دیا ہے اور قانونی اور مالیاتی احتیاط سے کام کررہے ہیں، اس سلسلے میں ان کی ٹیموں نے حال ہی میں اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بولی جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 جولائی مقرر ہے، تاہم منصوبے کی پیچیدگی کے پیش نظر چار ممکنہ بولی دہندگان نے بولی جمع کرانے کی تاریخ
میں توسیع کی درخواست کی ہے، اس طرح کی توسیع زیادہ مسابقت کی اجازت دے گی اور اس طرح اس منصوبے کے لیے بہتر قیمت ہوگی۔آئی ایف سی جو کہ اس منصوبے کے لین دین کے مشیر ہیں، نے اس تجویز کی حمایت کی، اس کے مطابق سٹیئرنگ کمیٹی نے بولی جمع کرانے کی تاریخ میں دو ماہ کی توسیع کی اجازت دی۔ سٹیئرنگ کمیٹی نے مزید ہدایت کی کہ ممکنہ بولی دہندگان کو وزارت ہوابازی اور آئی ایف سی کی جانب سے مکمل طور پر تعاون کیا جائے گا، اس تعاون سے مناسب مستعدی سے کام جلد مکمل کیا جا سکے گا اور بولی کے عمل میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جا سکے گا۔سٹیئرنگ کمیٹی نے مزید فیصلہ کیا کہ اس عمل کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ مزید توسیع کی ضرورت نہ ہو۔ نائب وزیراعظم نے اسلام آباد ایئرپورٹ کے زیادہ سے زیادہ ریونیو کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کی ہدایت کی۔ نائب وزیراعظم نے منصوبے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آئوٹ سورسنگ پروجیکٹ کو کم سے کم وقت میں انتہائی شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے۔