اسلام آباد۔(مانیٹرنگ ڈیسک ):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے جمعہ کو ملاقات کی اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے اوور بلنگ کے حوالے سے وفاقی تحقیقاتی ادارے اور انٹیلیجنس بیورو کی مشترکہ تحقیقاتی رپورٹ پیش کی۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم کو محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے محرم الحرام کے مہینے بالخصوص عاشورہ کے دوران صوبوں،گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں سے سیکیورٹی امور پر ہم آہنگی اور روابط مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔