اسلام آباد( کورٹ رپورٹر) سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی الیکشن ایکٹ ترامیم کے خلاف درخواست اعتراضات لگا کر واپس کردی۔نجی ٹی وی کے مطابق رجسٹرار آفس نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے سے متعلق درخواست پر اعتراضات لگا دئیے جس میں کہا گیا ہے کہ درخواست میں عوامی مفاد اور عوامی دلچسپی کے کسی معاملے کی نشاندہی نہیں کی گئی۔رجسٹرار آفس سے لگائے گئے اعتراضات میں کہا گیا کہ فریقین کو درخواست کی کاپی بھی فراہم نہیں کی گئی اور نہ ہی درخواست گزار نے دستیاب متعلقہ فورم سے رجوع کیا
درخواست گزار نے تسلیم کیاکہ معاملہ کسی دوسرے عدالتی فورم پر زیر التوا بھی ہے۔واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے الیکشن ایکٹ ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت فراہم کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔ ایڈووکیٹ عزیر کرامت بھنڈاری کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست میں وفاق،الیکشن کمیشن اور نادرا کو فریق بنایا گیا تھا۔