اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی ):الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں عدم پیشی پر سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 7 اگست تک ملتوی کر دی۔جمعرات کو بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے خلاف کیس کی ممبر نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے سماعت کی ۔شعیب شاہین کے معاون وکیل کمیشن کے رو برو پیش ہوئے تو کمیشن نے استفسار کیا کہ اپ کے پاس وکالت نامہ ہے تو جمع کرائیں۔وکیل استغاثہ نے موقف اختیار کیا کہ ہائی کورٹ میں عمران خان کے لئے اس کیس
میں کوئی حکم امتناع نہیں،جنوری میں آخری بار ہائی کورٹ میں اس کیس کی سماعت ہوئی تھی اورہائی کورٹ نے حتمی آرڈر پاس کرنے سے روکا تھا لیکن کارروائی کی جا سکتی ہے اور قانون شہادت میں آپ ٹیکنالوجی کو استعمال کر سکتے ہیں۔الیکشن کمیشن ورچوئل حاضری کو یقینی بنا سکتا ہے۔ممبر کمیشن نے کہا کہ سول کیسز میں تو حاضری ضروری نہیں تاہم فوجداری کیس میں حاضری لازمی ہے۔الیکشن کمیشن نے دریافت کیا کہ شعیب شاہین کہاں ہیں جس پر معاون وکیل نے بتایا کہ وہ ہائی کورٹ میں کیس میں مصروف ہیں۔مبر کمیشن نے کہا کہ کیا ہم فواد چوہدری کے وارنٹ جاری کریں۔فواد چوہدری کے معاون وکیل نے بتایا کہ ہائی کورٹ میں فواد چوہدری کا کیس چل رہا ہے۔ممبر کمیشن نے استفسار کیا کہ ہائی کورٹ میں تو فواد چوہدری کی حاضری ضروری نہیں،کمیشن آزاد ہے،کسی کے ماتحت نہیں ۔الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 7 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔