فیصل آباد (نمائندہ خصوصی ):چئیرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ تمام مسالک امن و امان کے قیام کیلئے متحد ہیں، سب محرم الحرام میں اپنی اپنی عبادات کو اپنے اپنے طریقوں سے ادا کریں،اپنا مسلک نہ چھوڑیں اور دوسروں کا مسلک نہ چھیڑیں، تمام مذہبی جماعتوں نے ملکی سلامتی کیلئے محرم الحرام میں امن و یکجہتی کی متفقہ قرارداد منظور کی ہے، جب بھی کہیں کوئی مسئلہ پیدا ہوا مذہبی ہم آہنگی کمیٹی نے اپنا کردار ادا کیا ہے۔وہ ڈپٹی کمشنر آفس فیصل آبادمیں محرم الحرام میں امن و امان کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں پورے ملک کے اندر یکجہتی کی ایک فضا قائم ہے لیکن ہمارا دشمن چاہتا ہے کہ پرا پیگنڈہ
کے ذریعے سوشل میڈیا کا استعما ل کر کے کہیں نہ کہیں سے کوئی فتنہ لے آئے مگر ہم سب نے مل کر اس فتنے کو روکنا ہے۔طاہر اشرفی نے کہا کہ ابھی انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو دیکھی کہ فلاں شہر میں ایک واقعہ ہوا ہے لیکن جب تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ یہ 3 سال پہلے کا واقعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن یہی چاہتا ہے کہ فتنے بر پا ہوتے رہیں لیکن ہم سب نے مل جل کر اس امن اور یکجہتی،عزم استحکام اور ملک کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہاکہ جو بھی ایکشن پلان بنایا گیا ہے وہ اس ملک کی سیاسی اور مذہبی قیادت کا متفقہ ایکشن پلان ہے، عزم استحکام بھی امن کے مشن کو لے کر آگے بڑ ھانے کا نام ہے، ہم چاہتے ہیں کہ انتہا پسندی اور شدت پسندی کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کو ایک دوسرے کے مقدسات کا احترام کرناچاہئے، حضرت امام حسین صرف مسلمانوں کے نہیں بلکہ تمام انسانیت کے رہبر ہیں،ہر وہ شخص جو ظلم سے نفرت کرتا ہے وہ حسینی ہے اسلئے یہ ایام ویسے بھی بہت مقدس اور محترم ایام ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ گزارش کرتے ہیں کہ ان ایام میں اپنی عبادات اور اپنے معاملات میں اعتدال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام مکاتب فکر کے علما یہ عزم رکھتے ہیں کہ وہ ملک کے امن و امان کیلئے تمام ریاستی اداروں اور ملکی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور امن سب کو یکساں عزیز ہے، یہی وجہ ہے کہ پیام پاکستان کے ذریعے تمام علما و مشائخ نے عزم کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا تا کہ یہاں کا امن بر قرار رہے۔انہوں نے کہاکہ ان کی میڈیا نمائندگان اور سوشل میڈیا سے گزارش ہے کہ افواہ سازی کے خاتمہ کیلئے ضروری ہے کہ اگر آپ کے پاس کوئی بھی خبر آئے تو اس کی مکمل تحقیق اور تصدیق کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ملکی افواج، ہماری قوم، ہمارے علمااپنے وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں اور ہم نے کیا بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتیں اپنے اپنے اہداف مقرر کرتی ہیں، یہ حق ہر کسی کو حاصل ہے کیونکہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے لیکن ملک سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ انہوں نے کہ ہمیں ہر قسم کی فرقہ واریت، شدت پسندی اور انتہا پسندی کو امن اور یکجہتی کے ساتھ روکنا ہو گا۔