اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی ):صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے منصوبوں کی جلد تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کی آبی ضروریات پوری کرنے ، زراعت کے فروغ اور غذائی تحفظ کیلئے وفاقی حکومت کے تعاون سے کچّھی کینال کی جلد تکمیل ضروری ہے ،صوبائی حکومت بلوچستان کی ترقی اور عوامی خوشحالی کیلئے موثر اقدامات اُٹھائے ۔ایوان صد رکے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے جمعرات کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے صدر مملکت کو صوبے کی مجموعی صورتحال بارے آگاہ کیا ۔وزیر اعلیٰ نے صدر مملکت کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال بارے بتایا ۔وزیرِ اعلٰی بلوچستان نے صدر مملکت کو عوامی فلاح کیلئے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی ۔صدر مملکت نے صوبے میں جاری منصوبوں اور امن و امان کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔